اسٹاف رپورٹر
بھارت میں نپاہ وائرس کے کیسز کے بعد پاکستان میں ہائی الرٹ کر دیا گیا۔بارڈر ہیلتھ سروسز اور نیشنل انسٹیٹویٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے ایڈوائزری جاری کر دی۔ملک بھر کے ائیرپورٹس،بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر مسافروں کی اسکریننگ اور نگرانی کے احکامات جاری کر دئیے۔ایڈوائزری میں تمام صوبائی حکومتوں کو بڑے اسپتال میں نپاہ کے مشتبہ مریضوں کیلے الگ یونٹ بنانے کی ہدایت کی۔ماہرین کے بقول پاکستان میں وائرس کا کوئی کیس تاحال رپورٹ نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں مہلک نپاہ وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں بھی اقدامات تیز کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ پاکستان نے ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کرتے ہوئے تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر آنے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ، نگرانی اور فوری ردعمل کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال پاکستان میں نپاہ وائرس کا کوئی تصدیق شدہ انسانی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔





