ایران جنگ: اسپین نے امریکی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کردی


ایران کے خلاف جاری جنگ کے تناظر میں اسپین نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے امریکی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کی وزیرِ دفاع مارگریٹا روبلس نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج کو پہلے ہی واضح طور پر آگاہ کر دیا گیا تھا کہ وہ نہ تو اسپین کے فوجی اڈے استعمال کر سکتے ہیں اور نہ ہی ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے اسپین کی فضائی حدود سے گزر سکتے ہیں۔

یہ خبر سب سے پہلے ہسپانوی اخبار "ایل پیس” نے فوجی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کی، جس کے بعد حکومتی سطح پر اس کی باقاعدہ تصدیق سامنے آئی۔

وزیر دفاع مارگریٹا روبلس نے ایران کے خلاف جنگ کو غیر قانونی اور ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپین کا مؤقف شروع دن سے واضح ہے اور وہ اس تنازع میں کسی بھی قسم کی عسکری معاونت کا حصہ نہیں بنے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسپین کی حکومت امریکا کو مشترکہ فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر چکی ہے، جبکہ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے اس جنگ کو "ناقابلِ جواز” اور "خطرناک” قرار دیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اسپین کا یہ اقدام نہ صرف یورپی ممالک میں پائی جانے والی تقسیم کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس سے امریکا کو عسکری حکمت عملی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے