یو اے ای کا ایران کے 11 میزائل اور 27 ڈرون روکنے کا دعویٰ

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کی جانب سے داغے گئے 11 میزائل اور 27 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔

وزارت دفاع کے مطابق ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے آغاز سے اب تک یو اے ای کا فضائی دفاعی نظام مجموعی طور پر 1941 ڈرونز اور 440 میزائلوں کو ناکارہ بنا چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں اب تک 178 افراد زخمی جبکہ 8 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب بحرین کی دفاعی فورس نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 میزائل اور 7 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ بحرین کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک وہ 182 میزائل اور 398 ڈرونز کو روک چکا ہے۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کے بعد ایران نے خطے کے ان ممالک کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے جہاں امریکی فوجی موجودگی ہے، جس کے باعث خلیجی خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے