صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، فضاء سوگوار

مانیٹرنگ ڈیسک
آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جسدِ خاکی کو انتہائی اعلیٰ سرکاری اور فوجی اعزاز گن کیرج کے ساتھ جنازہ گاہ تک لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق آزادریاست جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 71 سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض سے لڑتے لڑتے بالآخر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
ان کی نمازِ جنازہ قائداعظم اسٹیڈیم میرپور میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی جس میں کمانڈر راولپنڈی کور سمیت آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، سرکاری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرحوم کے جسدِ خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ اسٹیڈیم لایا گیا، جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جنازے کے بعد میت کو تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں کھڑی شریف میرپور روانہ کردی گئی۔