کراچی: وزیراعلیٰ سندھ Syed Murad Ali Shah نے کڈنی سینٹر کے دورے کے دوران ادارے کی تعمیر و ترقی کے لیے 50 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی۔
دورے کے موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، کڈنی سینٹر بورڈ کی چیئرپرسن ماریانہ کریم اور دیگر حکام نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کڈنی سینٹر کی چھٹی منزل کا بھی دورہ کیا جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہے۔
وزیراعلیٰ نے کڈنی سینٹر میں نئے آئی سی یو کا افتتاح کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا۔ انہیں فیز ٹو آئی سی یو اور ون ٹائم گرانٹ سے مکمل ہونے والے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل انسانیت، وقار اور امید میں سرمایہ کاری ہے، اور سندھ میں کسی مریض کو سہولیات کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کڈنی سینٹر کی چیئرپرسن ماریانہ کریم کی 40 سالہ انسانی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کے تحت کام کر رہی ہے اور محکمہ صحت کو سالانہ 100 ارب روپے کی گرانٹ دی جا رہی ہے۔ آئندہ مالی سال میں کڈنی سینٹر کی گرانٹ 300 ملین سے بڑھا کر 500 ملین روپے کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دل کے مریضوں کے علاج کے لیے اضافی فنڈز درکار ہوں تو انتظامیہ باقاعدہ پروپوزل ارسال کرے، حکومت ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
مزید خبریں کے لیے ڈیلی فیض اعوام ڈاٹ کام پر جڑے رہیں





