لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz نے ایگریکلچر انٹرنز کا ماہانہ وظیفہ 70 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ کسانوں کو بااختیار بنانے اور جدید زراعت کے فروغ کے لیے کیے گئے اہم اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت ایگریکلچر انٹرنز کو عملی طور پر زرعی شعبے سے منسلک کیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 16.5 ملین ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے اور 22.30 میٹرک ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے میں پہلی مرتبہ روف ٹاپ ہائیڈروپونک پراجیکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا، جس کے تحت دو مرلہ چھت پر 280 سے 350 پودے لگائے جا سکیں گے۔ اس اسکیم سے سبزیوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب کے تھل ایریا کی 7 ملین ایکڑ اراضی کو ’’ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر ان تھل‘‘ منصوبے کے تحت قابلِ کاشت بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام کے چوتھے فیز کی منظوری دیتے ہوئے ہائی ہارس پاور ٹریکٹر پر 15 لاکھ روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا، جبکہ کم ہارس پاور ٹریکٹر پر سبسڈی 5 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ روپے کر دی گئی۔
مزید برآں، ’’آن فارم رین ہارویسٹنگ‘‘ کے لیے گراؤنڈ ری چارج ویل/کنواں بنانے کا منصوبہ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں ایک ہزار کنوؤں پر 5 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔ ایک ہزار رین ہارویسٹنگ پونڈز پر 70 فیصد سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور سرگودھا میں قائم ’’ماڈل ایگریکلچر مال‘‘ پر 462 ملین روپے کی ریکارڈ سیل کی گئی، جبکہ 50 کلو میٹر تک ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
محکمہ زراعت پنجاب 50 نئے بلڈوزر خریدے گا جبکہ ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ کے تحت فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی معاونت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید خبریں کے لیے ڈیلی فیض اعوام ڈاٹ کام پر جڑے رہیں۔





