لاہور: پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی کمرشل ڈیل طے پا گئی ہے، جس کے تحت Pakistan Super League کے چار سالہ میڈیا رائٹس 26 ارب روپے میں فروخت کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا رائٹس Walee Technologies کو دیے گئے ہیں، جس نے ریزرو پرائس سے تین ارب روپے زائد کی کامیاب بولی دی۔ اس دوڑ میں مجموعی طور پر تین بڈرز شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر میچز سرکاری ٹی وی کی اسکرین پر بھی نشر کیے جائیں گے۔ دو بڑے اسپورٹس چینلز واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ڈس کوالیفائی قرار پائے، حالانکہ انہیں ادائیگی کے لیے مہلت دی گئی تھی۔
گزشتہ سیزن میں پی ایس ایل کے 34 میچز کھیلے گئے تھے، تاہم آئندہ سیزن میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد میچز کی تعداد 44 تک پہنچ جائے گی، جس سے لیگ کی کمرشل ویلیو میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
قوانین کے مطابق پروڈکشن اخراجات نکالنے کے بعد اگر براڈکاسٹ ڈیل سالانہ 3 ارب روپے سے زائد ہو تو اضافی رقم میں سے 5 لاکھ ڈالر آئیکون غیر ملکی کرکٹرز سے معاہدوں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ باقی رقم میں سے 80 فیصد حصہ Pakistan Cricket Board کو جبکہ 20 فیصد فرنچائزز کو ملے گا۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ ڈیل پاکستان کرکٹ کی مالی خودمختاری اور لیگ کے عالمی معیار کو مزید مستحکم کرے گی۔
مزید خبریں کے لیے ڈیلی فیض اعوام ڈاٹ کام پر جڑے رہیں۔





