اسلام آباد/کراچی: ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان سمیت خطے بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کی 500 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔
ایئر کارگو سروس بھی معطل
ایئر کارگو سروس کی معطلی سے اشیائے خوردونوش سمیت مختلف سامان کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔ پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق آنے اور جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں، جبکہ صورتحال کی بہتری کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔
فضائی حدود کی بندش وجہ قرار
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ ممالک کی فضائی حدود کی بندش کے باعث پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہوا۔ فی الحال پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پروازوں کی محدود آمد و رفت جاری ہے۔
عمرہ زائرین بھی متاثر
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سینیئر رہنما خواجہ ایوب نسیم کے مطابق خوف و ہراس کے باعث عمرہ زائرین سفر سے ہچکچا رہے ہیں۔ دبئی کے راستے بک کروائی گئی سینکڑوں ٹکٹیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ اگرچہ ٹکٹوں کی رقم واپس ہو جاتی ہے، تاہم ہوٹل بکنگ کے ریفنڈ نہ ہونے سے ٹریول ایجنٹس کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق اگر خطے کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو فضائی آپریشن کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور اہم اپڈیٹس کے لیے ڈیلی فیض اعوام ڈاٹ کام کے ساتھ جڑے رہیں۔
باخبر رہیں، آگے رہیں۔





