افغان طالبان کے خلاف آپریشن ’’غضب للحق‘‘: بلوچستان میں عوام کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

کوئٹہ:
افغان طالبان کی مبینہ جارحیت کے جواب میں پاک فوج کے آپریشن “غضب للحق” کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ 🇵🇰

رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، قمردین کاریز، کوہلو اور چمن میں سینکڑوں شہریوں نے ریلیاں نکالیں۔ ریلیوں کے شرکا نے افغان طالبان کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

ریلیوں کے دوران شرکا نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ چمن اور کوہلو میں ریلیاں بڑے اجتماعات کی صورت اختیار کر گئیں۔

شرکا کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا افواجِ پاکستان نے بھرپور اور مؤثر انداز میں جواب دیا ہے، جس پر پوری قوم اپنی فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

مظاہرین نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے بلوچستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف متحد رہیں گے۔