پاکستانی اداکارہ Faiza Hassan نے کہا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو بے وفائی اور شادی کے بعد ناجائز تعلقات (ایکسٹرا میریٹل افیئر) کے بارے میں مناسب انداز میں آگاہی دیں تاکہ وہ صحیح اور غلط میں فرق سمجھ سکیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں Fuchsia Magazine کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے نئی نسل خصوصاً جنریشن زی (Gen Z) کی تربیت اور ان کی سوچ کے بارے میں گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا بچوں کو دھوکہ دہی اور شادی کے بعد تعلقات یعنی ایکسٹرا میریٹل افیئر کے بارے میں بتایا جانا چاہیے؟ اس پر فائزہ حسن کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو نرم اور بالواسطہ انداز میں یہ سمجھا سکتے ہیں کہ کسی کو دھوکہ دینا یا بے وفائی کرنا غلط عمل ہے۔
اداکارہ کے مطابق بچوں کو سیدھا لیکچر دینے کے بجائے بہتر ہے کہ جب کسی خبر یا ڈرامے میں ایسا موضوع آئے تو اس موقع پر اس عمل کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے بچوں کو سمجھایا جائے۔
فائزہ حسن نے نوجوانوں کو کم عمری میں شادی کے حوالے سے بھی مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کم عمر میں شادی کرنا غلط نہیں، لیکن نوجوانوں کو سب سے پہلے اپنی فلاح و بہبود اور مستقبل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ نوجوان پہلے مالی طور پر خودمختار ہو جائیں اور اس کے بعد شادی کے بارے میں فیصلہ کریں۔ ان کے مطابق کیریئر بنانے کے مرحلے میں اکثر لوگ جلدی شادی کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں، جبکہ پہلے خود کو مستحکم بنانا زیادہ ضروری ہوتا ہے۔
تاہم اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ بعض لوگ زندگی میں ایک ساتھ ترقی کرنا چاہتے ہیں اور یہ بھی ایک مثبت نقطۂ نظر ہو سکتا ہے۔




