کراچی:
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار Afzal Khan نے ایک ٹی وی پروگرام میں دوسری شادی سے متعلق دلچسپ اور مزاحیہ انداز میں گفتگو کی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا بیان موضوعِ بحث بن گیا۔
اداکار افضل خان، جنہیں شوبز انڈسٹری میں جان ریمبو کے نام سے پہچانا جاتا ہے، ایک رمضان اسپیشل پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے بارے میں کون سی افواہ پھیلانا پسند کریں گے تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ یہ خبر پھیلانا چاہیں گے کہ انہوں نے دوسری شادی کر لی ہے۔ اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اسلام میں دوسری شادی کی اجازت موجود ہے، تاہم فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
افضل خان نے اپنی رخصتی کے وقت کے جذباتی لمحات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس موقع پر واقعی رو پڑے تھے کیونکہ انہیں اپنی زندگی کی جدوجہد یاد آ گئی تھی۔ ان کے مطابق شادی سے پہلے گھر بنانے کے لیے انہوں نے دن رات محنت کی اور اسی جدوجہد کی یاد نے انہیں جذباتی کر دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں بعض لوگوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر بالکل Amitabh Bachchan کی طرح لگ رہے تھے، تاہم درحقیقت وہ اپنی زندگی کے مشکل سفر کو یاد کر کے جذباتی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ افضل خان کو شہرت سرکاری ٹی وی کے مقبول ڈرامے Guest House سے ملی تھی جس میں ان کے کردار جان ریمبو نے ناظرین کے دل جیت لیے تھے اور وہ راتوں رات مقبولیت کی بلندیوں تک پہنچ گئے تھے۔





