تل ابیب / بیت شمیش:
ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی کے مناظر سامنے آئے ہیں جس سے علاقے میں خوف اور کشیدگی کی فضا برقرار ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بھارتی خاتون رپورٹر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والی تباہی کی تفصیلات بیان کیں۔ رپورٹر کے مطابق وہ اسرائیل کے شہر Beit Shemesh میں اس مقام پر پہنچی جہاں چند روز قبل ایرانی میزائل ایک بم شیلٹر پر آ گرا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں ہر طرف ملبہ پھیلا ہوا تھا جبکہ قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بنکر شہریوں کو میزائل حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا، تاہم تقریباً 500 کلوگرام وارہیڈ والے میزائل کے گرنے سے یہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں کم از کم 9 اسرائیلی ہلاک جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حالیہ حملوں کے بعد Israel کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اور سکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پورے مشرق وسطیٰ میں صورتحال انتہائی حساس ہوتی جا رہی ہے





