راولپنڈی:
سابق وفاقی وزیر داخلہ Sheikh Rasheed Ahmed کی عمرہ ادائیگی کے لیے بیرون ملک روانگی سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق Lahore High Court کے راولپنڈی بینچ میں کیس کی سماعت جسٹس Jawad Hassan اور جسٹس Tariq Mahmood Bajwa پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ General Headquarters حملہ کیس کے باعث شیخ رشید احمد کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، اس لیے عدالت عمرہ روانگی سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت ہر شہری کو آزادانہ نقل و حرکت اور بیرون ملک سفر کا حق حاصل ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں Supreme Court of Pakistan بھی ٹرائل کے دوران متعدد افراد کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے چکی ہے۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ شیخ رشید نے عدالتی رعایت کا کوئی ناجائز فائدہ نہیں اٹھایا۔ جسٹس جواد حسن نے استفسار کیا کہ معاملہ دوبارہ ٹرائل کورٹ کو کیوں نہ بھیج دیا جائے۔
پٹیشنر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ کو اسٹاپ لسٹ سے نام نکالنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔




