لاہور: گھروں میں کام کے بہانے وارداتیں کرنے والا مستری مزدور گروہ گرفتار

لاہور:
لاہور میں گھروں میں کام کے بہانے وارداتیں کرنے والے مستری مزدوروں پر مشتمل گروہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزمان گھروں میں کام کے دوران معلومات حاصل کر کے بعد ازاں چوری کی وارداتیں کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق کارروائی Kahna کے علاقے میں کی گئی جہاں چوکی صوئے اصل پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن Shehrbano Naqvi کے مطابق گرفتار ملزمان دن کے اوقات میں گھروں میں مستری اور مزدور کے طور پر کام کرتے تھے اور اسی دوران گھروں میں داخل ہونے اور فرار کے راستوں کی معلومات حاصل کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان بعد ازاں منصوبہ بندی کے تحت رات گئے گھروں میں داخل ہو کر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔

کارروائی کے دوران ملزمان سے 2 موٹر سائیکلیں، پانی کی موٹریں، 2 لاکھ روپے سے زائد نقدی، سلور تار، 2 پستول اور 3 موبائل فون برآمد کر لیے گئے ہیں۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق گرفتار ملزمان گل فراز اور زبیر کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔