دی ہنڈریڈ لیگ: ابرار احمد بھارتی فرنچائز کی ٹیم میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

انگلینڈ کی معروف کرکٹ لیگ The Hundred کے 2026 ایڈیشن کے لیے پاکستان کے مِسٹری اسپنر Abrar Ahmed کو ایک آئی پی ایل فرنچائز سے منسلک ٹیم نے اپنی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پلیئرز آکشن کے دوران Sunrisers Hyderabad کی مالکن کے زیرِ انتظام ٹیم نے ابرار احمد کو ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ (پاکستانی تقریباً 7 کروڑ روپے سے زائد) میں خرید لیا۔

اس معاہدے کے بعد ابرار احمد اس ٹورنامنٹ میں کسی بھارتی ملکیت والی ٹیم کے ساتھ معاہدہ کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔

آکشن سے پہلے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ Indian Premier League سے منسلک مالکان ممکنہ طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کریں گے، تاہم ٹیم انتظامیہ نے اس تاثر کو مسترد کر دیا۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ Daniel Vettori نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف ٹیم کی ضرورت اور کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر Adil Rashid کو ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم یہ ممکن نہ ہو سکا جس کے بعد دیگر غیر ملکی اسپنرز پر غور کیا گیا۔

ڈینیئل ویٹوری کے مطابق بنگلہ دیش کے اسپنر رشاد حسین اور پاکستان کے عثمان طارق بھی زیرِ غور تھے، مگر آخرکار ٹیم نے ابرار احمد کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق ابرار احمد کی شمولیت نہ صرف ان کی کارکردگی کا اعتراف ہے بلکہ یہ مستقبل میں پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے دیگر عالمی لیگز کے دروازے بھی کھول سکتی ہے