کراچی:
شہر کے علاقے New Karachi میں مسلح ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واردات سیکٹر 5/G بشیر چوک فاروقیہ مسجد والی گلی میں پیش آئی جہاں تین مسلح افراد دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے ایک گھر میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے پہلے خود کو فریج ٹھیک کرنے والا ظاہر کیا اور بعد میں کہا کہ وہ پولیس اہلکار ہیں۔ اس دوران ان کے ہاتھوں میں پستول موجود تھے۔
ڈاکوؤں نے گھر کی الماریوں اور سامان کی تلاشی لی اور تقریباً ایک لاکھ روپے نقد، طلائی زیورات، دو سونے کے بسکٹ، ایک طلائی کوئن، چاندی کا کڑا اور چار قیمتی موبائل فون اپنے ساتھ لے گئے۔
واردات کے بعد ملزمان گھر میں موجود تین لڑکیوں، ایک لڑکے اور خاتون خانہ کو ایک کمرے میں بند کرکے فرار ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر Sindh Police کے اہلکار اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او رضوان قریشی موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فارنزک ٹیم کو طلب کر لیا۔
پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف دفعہ 392، 397 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ کیس کی تحقیقات انویسٹی گیشن افسر محمد خالد امجد کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق وہ اس مکان میں تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل کرائے پر منتقل ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔




