United Arab Emirates نے اہم شاہ گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ گیس تنصیب پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ابوظہبی حکام کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں گیس فیلڈ میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے ہنگامی ردعمل کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بجھا دیا۔ واقعے کے بعد گیس فیلڈ پر تمام آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں اور نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق شاہ گیس فیلڈ ملک کی اہم توانائی تنصیبات میں شامل ہے اور یہاں پیدا ہونے والی گیس متحدہ عرب امارات کے توانائی نظام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
دوسری جانب اماراتی حکام نے Iran کی جانب سے ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ شہریوں اور فضائی آمد و رفت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امارات کا فضائی دفاعی نظام ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ پر ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد فضائی آپریشن بحال کر دیے جائیں گے۔




