کوریا میں ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے زبان، مہارت اور میرٹ کو سب سے اہم قرار دیا گیا ہے۔
ای پی ایس (Employment Permit System) کے تحت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ امیدواروں کا انتخاب مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے کیا جاتا ہے، جہاں آجر خود امیدوار کا حتمی انتخاب کرتا ہے۔
حکام کے مطابق کورین زبان پر عبور کامیابی کی کنجی ہے، کیونکہ کورین کمپنیاں ایسے کارکنوں کو ترجیح دیتی ہیں جو زبان جانتے ہوں تاکہ وہ جلد کام کے ماحول میں ایڈجسٹ ہو سکیں اور بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔
پوائنٹس بیسڈ سسٹم کے تحت انتخاب مکمل طور پر نمبروں کی بنیاد پر ہوتا ہے، جس میں:
- کورین لینگویج ٹیسٹ
- اسکلز اسیسمنٹ
اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
رواں سال سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے زبان کے ٹیسٹ میں کم از کم 60 نمبر لازمی قرار دے دیے گئے ہیں، جبکہ انٹرویو کی اہمیت بھی بڑھا دی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی نوجوان کورین زبان اور ہنر پر توجہ دیں تو مستقبل میں کوریا میں ملازمت کے مواقع مزید بڑھ سکتے ہیں۔





