پورٹ قاسم میں برآمد کنندگان کے لیے سہولتی مرکز قائم، ون ونڈو نظام متعارف

پورٹ قاسم اتھارٹی نے برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے ایکسپورٹ فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اقدام وزیرِ اعظم کے وژن اور وفاقی وزیر برائے بحری امور کی ہدایات کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد برآمدی عمل کو آسان اور تیز بنانا ہے۔

حکام کے مطابق یہ فیسلیٹیشن ڈیسک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جہاں برآمدات سے متعلق مسائل کا فوری حل اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ممکن بنایا جائے گا۔

اس اقدام سے نہ صرف برآمدی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان کے برآمدی شعبے کو مضبوط بنانے اور معیشت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔