امریکی ریاست نیویارک کی قانون ساز اسمبلی اور سینیٹ نے پاک-امریکا اقتصادی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 18 مارچ 2026 کو "پاکستانی-امریکن بزنس ڈے” قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔
یہ قرارداد پاکستانی-امریکی کمیونٹی کی مختلف شعبوں جیسے ریٹیل، ٹیکنالوجی، مالیات، صحت اور رئیل اسٹیٹ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں پیش کی گئی، جس میں اس کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط اقتصادی و ثقافتی پل قرار دیا گیا۔
پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے اس پیش رفت کو پاک-امریکا تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان تعلقات کو عملی طور پر معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔
قرارداد میں نیویارک اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا ہے، جبکہ آئندہ برسوں میں اس حوالے سے پیش رفت کی رپورٹ بھی باقاعدگی سے گورنر اور مقننہ کو پیش کی جائے گی۔
تقریب کے موقع پر سینیٹر جیسیکا راموس نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیویارک کی ترقی میں ان کا حصہ قابلِ قدر ہے، جبکہ دیگر رہنماؤں نے بھی دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔





