کراچی: عید کے موقع پر کلفٹن سی ویو سے لاپتہ ہونے والی 3 سالہ بچی کو پولیس نے بازیاب کروا لیا جبکہ ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بچی عید کے تیسرے روز اپنے اہل خانہ کے ساتھ سی ویو آئی تھی جہاں کھیلتے ہوئے اچانک لاپتہ ہوگئی۔ والد کی جانب سے درخشاں تھانے میں گمشدگی کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کیماڑی کے علاقے جیکسن سے بچی کو بحفاظت بازیاب کروا کر والدین کے حوالے کر دیا، جبکہ ابوبکر نامی مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے بچی ملی اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی بیان میں ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ بچی رو رہی تھی جس پر وہ اسے اپنے گھر لے گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
ایس ایس پی کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران سی ویو پر رش کے باعث متعدد بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات پیش آئے، تاہم زیادہ تر بچوں کو فوری تلاش کرکے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
مزید تازہ خبروں کے لیے ہمارے ساتھ جڑے رہیں۔





