پیٹرولیم مصنوعات پر ہدفی سبسڈی: ٹیکنالوجی سے نظام جلد مکمل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور صوبوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر ہدفی سبسڈی کے نظام کو ٹیکنالوجی کی مدد سے جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں پیٹرولیم ڈویژن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں تیل کی فراہمی اس وقت مستحکم ہے۔

اجلاس میں وزارت آئی ٹی کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سبسڈی نظام کی تجویز پیش کی گئی، جس کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے مستحق افراد کو سبسڈی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، تاکہ شفافیت اور مؤثر ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایندھن کی مسلسل فراہمی کو سراہتے ہوئے عوام میں بچت کے رجحان کو فروغ دینے پر زور دیا، جبکہ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حکومت کے پاس محدود مالی گنجائش ہے، اس لیے کسی بھی ریلیف پیکج کو معاشی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو چیلنج کے بجائے اصلاحات کے موقع کے طور پر دیکھنا چاہیے اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کے ذریعے سبسڈی نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا