حافظ نعیم الرحمان کا پیٹرول پر لیوی ختم کرنے کا مطالبہ

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرول پر عائد لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے معاشی پالیسیوں پر سخت تنقید کی ہے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو کفایت شعاری کا درس دیتی ہے لیکن خود اعلیٰ حکام کے پروٹوکول میں درجنوں گاڑیاں شامل ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق سمری مسترد کرنے کا اقدام عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ 1300cc سے بڑی سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے اور حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے تعلیمی ادارے فوری کھولنے، ایران کے ساتھ تجارت بحال کرنے اور پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کرنے پر زور دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور بڑی طاقتیں دنیا کو ایک بڑے تنازع کی طرف لے جا رہی ہیں۔

انہوں نے سندھ حکومت اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً ریڈ لائن اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پر کرپشن کے الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو ایک بااختیار میگا سٹی گورنمنٹ کی ضرورت ہے۔