ایران کا آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ساختہ ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق فضائی دفاعی افواج نے مشرقی آبنائے ہرمز میں ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کو جدید دفاعی نظام کے ذریعے ٹریک کرنے کے بعد کامیابی سے گرایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایک اور کارروائی میں خرم آباد کے علاقے میں دو "آربیٹر” ڈرونز کو بھی ناکارہ بنایا گیا، جو مشترکہ قومی دفاعی نیٹ ورک کے تحت شناخت کیے گئے تھے۔

ایرانی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جاری کشیدگی کے دوران اب تک تقریباً 140 دشمن ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے، جبکہ مار گرائے گئے جدید لڑاکا طیاروں کی تعداد بھی دوہرے ہندسوں کے قریب پہنچ رہی ہے۔

دوسری جانب اس دعوے پر تاحال امریکی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔