ایران نے تہران میں یونیورسٹی پر مبینہ حملے کے بعد خطے میں امریکی اور اسرائیل سے منسلک جامعات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی ہے، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق تہران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد مغربی ایشیا میں موجود امریکی جامعات کو "جائز اہداف” قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں اساتذہ، طلبہ اور عوام کو ان اداروں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی حکومت نے مقررہ وقت تک ایرانی جامعات پر حملوں کی مذمت نہ کی تو خطے میں موجود امریکی تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل جان بوجھ کر ایران کی سائنسی اور تعلیمی بنیادوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اصفہان اور تہران کی جامعات حالیہ حملوں کا مرکز رہی ہیں۔
ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی سائنسی و ثقافتی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے، جبکہ مغربی بیانیے کو انہوں نے "بہانہ” قرار دیا ہے۔
تاحال امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔




