ایران کے 16 بیلسٹک میزائل، 42 ڈرونز مار گرائے گئے، متحدہ عرب امارات کا دعویٰ

متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے 16 بیلسٹک میزائل اور 42 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔

اماراتی وزارت دفاع کے مطابق، ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران اب تک مجموعی طور پر 414 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 914 ڈرونز کو ناکارہ بنایا جا چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں سمیت متعدد افراد ہلاک اور 178 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ دو فوجی بھی جان کی بازی ہار گئے۔

دوسری جانب بحرین نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 174 میزائل اور 391 ڈرونز کو مار گرایا، جبکہ کویت کی وزارت دفاع کے مطابق حالیہ حملوں میں 10 فوجی زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا ہے، جن میں سعودی عرب، کویت، اردن اور عراق شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملے کیے، جس کے بعد ایران نے جوابی کارروائیاں شروع کر دیں۔