تبریز میں پیٹروکیمیکل پلانٹ پر حملہ، ایران کا امریکا اور اسرائیل پر الزام

ایران کے شہر تبریز میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایک اہم پیٹروکیمیکل پلانٹ پر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملے میں تبریز پیٹروکیمیکل کمپنی کے ایک یونٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اور ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے کے باوجود کسی خطرناک یا زہریلے مادے کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی، جس سے بڑے ماحولیاتی نقصان کا خدشہ فی الحال ٹل گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق متعلقہ ادارے صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں لانے کے لیے سرگرم ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں تاکہ حملے کی نوعیت اور نقصانات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں پہلے ہی کشیدگی عروج پر ہے اور حالیہ واقعات کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال مزید غیر یقینی ہوتی جا رہی ہے