امریکی صحافیوں پر تشدد، اسرائیلی فوج کی پوری بٹالین معطل

مغربی کنارے میں امریکی نیوز چینل سی این این کی ٹیم پر مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے بڑا اقدام کرتے ہوئے ایک مکمل فوجی بٹالین کو معطل کر دیا ہے۔

اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مغربی کنارے میں تعینات فوجی بٹالین کی معطلی کا حکم جاری کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کی رپورٹس عالمی سطح پر منظر عام پر آئیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سی این این کی ٹیم مغربی کنارے کے ایک فلسطینی گاؤں میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے مبینہ زمین پر قبضے کی کوریج کر رہی تھی۔ اسی دوران اسرائیلی فوجیوں نے صحافیوں کو حراست میں لے لیا۔

صحافیوں کے مطابق دوران حراست ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا، ایک فوٹو جرنلسٹ کا گلا دبایا گیا جبکہ اس کا کیمرہ بھی توڑ دیا گیا۔ بعد ازاں تقریباً دو گھنٹے بعد ٹیم کو رہا کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد عالمی صحافتی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ علاقوں میں صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے بٹالین کی معطلی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔