ایران جنگ کا 31 واں دن: تہران پر شدید حملے، زمینی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا


مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران جنگ 31ویں روز میں داخل ہو گئی ہے جہاں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حملوں میں شدت آ گئی ہے، جبکہ خطے میں ممکنہ زمینی جنگ کے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک جانب سفارتی حل کی بات کر رہے ہیں، تاہم ایران نے امریکا پر پس پردہ زمینی حملے کی تیاری کا الزام عائد کیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں اور اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔

ایرانی دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تہران میں حکومتی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہی ہے، جبکہ حملوں کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی افواج ایران میں داخل ہوئیں تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرج، شیراز، قم، آبادان اور تبریز سمیت کئی شہروں میں حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ تبریز میں ایک پیٹروکیمیکل پلانٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

خلیجی ممالک میں بھی کشیدگی برقرار رہی۔ سعودی عرب نے اپنے مشرقی علاقے کی جانب آنے والے پانچ بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا، جبکہ کویت میں ایک پاور اور واٹر پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی شہری ہلاک ہو گیا۔ بحرین میں خطرے کے سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔

ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں ایران کے تیل پر کنٹرول حاصل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے خارگ جزیرے جیسے اہم مقامات پر قبضے کی بات کی، جس پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔

اسرائیل میں بھی ایرانی حملوں کے اثرات سامنے آئے جہاں ایک صنعتی پلانٹ کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ لبنان، عراق اور غزہ میں بھی جھڑپیں جاری ہیں جس سے جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اس جنگ کے عالمی اثرات بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ تیل کی قیمتیں 115 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی دیکھی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ جنگ طویل ہوئی تو عالمی سطح پر خوراک اور توانائی کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔