پاسدارانِ انقلاب کے بحری کمانڈر علی رضا تنگسیری شہید، ایران نے تصدیق کر دی


ایران نے تصدیق کی ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری اسرائیلی فضائی حملے میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سرکاری خبر رساں پلیٹ فارم کے مطابق کمانڈر علی رضا تنگسیری حالیہ اسرائیلی حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک کارروائی میں ایرانی بحری کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کی اب ایران نے باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور دونوں جانب سے اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کے دعوے سامنے آ رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ایک اعلیٰ عسکری عہدیدار کی شہادت ایران کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، جبکہ اس کے ممکنہ ردعمل سے مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خطے میں جاری تنازع کے باعث پہلے ہی جنگ کے پھیلاؤ کے خدشات موجود ہیں، اور اس تازہ پیش رفت نے صورتحال کو مزید نازک بنا دیا ہے۔