ویب ڈیسک: آیت اللہ خامنہ ای کی حفاظت کے حوالے سخت بیان کا جواب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید اور غیر معمولی دھمکی سے دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے نیوز نیشن کو دیئے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے مجھے مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں جس پر میں نے سیکیورٹی فورسز کو سخت ہدایات دے رکھی ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بقول واضح احکامات دے دیئے ہیں کہ اگر میرے ساتھ کچھ بھی ہوا تو پورے ایران کو اڑا دیا جائے۔ کرۂ ارض سے ایران کا نقشہ بھی مٹا دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ایران کی جانب سے پہلی بار اس نوعیت کی دھمکیاں سامنے آئیں تھیں تو بائیڈن انتظامیہ کو سخت ردعمل دینا چاہیے تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر یہ دھمکی کسی عام شہری کو بھی دی جاتی تو میں اس پر بھی بھرپور جواب دیتا لیکن یہ تو کھلم کھلا امریکی صدر کو دی جا رہی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران کو سخت وارننگ دے چکے ہیں کہ اگر مظاہرین کو پھانسی دی تو بھرپور حملہ کیا جائے گا۔
تاہم بعد میں صدر ٹرمپ نے ایران کی جانب سے مبینہ طور پر سیکڑوں سزائے موت منسوخ کرنے کے اقدام کو سراہا بھی تھا





